کاسرگوڈ، 2؍اکتوبر (ایس او نیوز) گزشتہ ایک ہفتے سے کیرا لہ میں کورونا متاثرین کی تعداد میں برابر اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔اس صورتحال پر قابو پانے کے لئے کیرالہ حکومت کے چیف سیکریٹری نے پوری ریاست میں 3 اکتوبر کی صبح 9 بجے سے 31 اکتوبر تک دفعہ 144تحت امتناعی احکامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امتناعی احکامات جاری ہونے کے بعد کسی بھی جگہ پر پانچ سے زیادہ افراد جمع ہونے پر پابندی لاگو رہے گی۔تمام ایسے پروگرام پر پابندی رہے گی جہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوتی ہے ۔لیکن شادی اور میت کے آخری رسومات کی تقریبات اس حکم سے مستثنیٰ رہیں گی، البتہ کووڈ پروٹوکول کے مطابق ایسی تقاریب کے لئے اجازت حاصل کرنا لازمی رہے گا۔ چیف سیکریٹری نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے نام جاری کردہ حکم نامے میں ہدایت دی ہے کہ ہر ضلع کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ ضلع ڈی سی کو امتناعی احکام میں ضروری ڈھیل دینے کااختیار رہے گا ۔
معلوم ہو اہے کہ گزشتہ 20دن سے کووڈ وبائ کا معاملہ قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے، اس لئے دو دن قبل منعقدہ آل پارٹی میٹنگ میں بشمول احتجاجی مظاہروں کے تمام پروگراموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔اور اسی پس منظر میں ریاست گیر پیمانے پر دفعہ 144لاگو کی گئی ہے۔خیال رہے کہ کیرالہ میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی روزانہ تعداد 8,000 تک پہنچ گئی ہے اور کاسرگوڈ میں روزانہ 500 کووڈ کے معاملے سامنے آرہے ہیں۔